ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں ادارہ ادب اسلامی کے زیراہتمام خوبصورت مشاعرہ ؛ معروف شاعر جناب مظہرؔ محی الدین کی خدمات کا اعتراف اور تہنیت

بھٹکل میں ادارہ ادب اسلامی کے زیراہتمام خوبصورت مشاعرہ ؛ معروف شاعر جناب مظہرؔ محی الدین کی خدمات کا اعتراف اور تہنیت

Mon, 24 Dec 2018 19:27:15    S.O. News Service

بھٹکل 24؍دسمبر( ایس او نیوز) ادارہ ادب اسلامی ہند بھٹکل شاخ کی جانب سے شمس اسکول کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ایک خوبصورت مشاعرہ منعقد کیاگیا ۔ امسال اس مشاعرے کو  ادب اسلامی کے معتبر شاعر جناب سید اشرفؔ برماور مرحوم کی یاد سے منسوب کیا گیاتھا۔

حافظ عکاشہ ابن عزیزالرحمن کی تلاوت کلام پاک سے بزم کا آغازہوا۔ صدر مشاعرہ جناب ڈاکٹر شاہ رشاد عثمانی (صدر ادارہ ادب اسلامی ہند) نے افتتاحی خطاب کیا۔مہمان شاعر جناب کبیرؔ حنفی(اچلپور،مہاراشٹرا)، مظہر ؔ محی الدین(ہبلی)، ابرار احمد ابرارؔ (بنگلورو)، مشتاق علی گوہرؔ (بیلگام)کے علاوہ میزبان شعرأ جناب اقبال سعیدی، صادق نویدؔ ، سید عفان بافقی، عبدالعلیم شاہینؔ ، مولوی شادؔ جامعی ندوی، الیاس آفاقؔ ، مولوی انیس ؔ ندوی اور ڈاکٹر محمد حنیف شبابؔ نے اپنے کلام سے نوازاجسے سامعین نے بہت سراہا۔ مشاعرے کے دوران مرحوم سید اشرفؔ برماور کا کلام عزیزی طریف ابوحسینا، ارباز رکن الدین اور نوفل دامودی جیسے خوش الحان فنکاروں نے پیش کیا اور محفل میں سماں باندھ دیا۔

اس موقع پر ادارہ ادب اسلامی ہند کے بزرگ اور قدآور شاعر محترم جناب مظہر ؔ محی الدین کی ادبی خدمات کے اعتراف میں شال پوشی و گل پیشی کے ساتھ سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے تہنیت کی گئی۔پروگرام کو لائیو دیکھ رہے بھٹکل کے ایک ادب نواز اور جناب مظہرؔ محی الدین کے قدر دان نے ان کے تازہ مجموعہ کلام ’’بشارت‘‘ کے 10عدد نسخے 10ہزار روپے میں خرید کر اپنی سخن پروری اور دلنوازی کا ثبوت دیا۔ جناب قادر میراں پٹیل صدر ادب اسلامی بھٹکل نے کلمات تشکرپیش کیے۔ جناب ڈاکٹر محمد حنیف شبابؔ نے اپنے مخصوص انداز میں مشاعرے کی نظامت انجام دی۔


Share: